جوہانسبرگ: فخر زمان کے بیٹ کی ضرب سے ریکارڈز کا طوفان جاری ہوگیا، ون ڈے کرکٹ میں ہدف کے تعاقب میں سب سے بڑی اننگز کھیل ڈالی، وانڈررز اسٹیڈیم میں بھی اپنا جھنڈا گاڑ دیا،اننگز میں سب سے زیادہ چھکے جڑنے والے دوسرے پاکستانی بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان کے اوپنر فخر زمان نے 193 رنز کی اننگز کھیلی، اگرچہ وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہیں کرپائے مگر کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں ضرور کامیاب رہے، یہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ہدف کے تعاقب میں کھیلی جانے والی سب سے بڑی اننگز ہیں جبکہ شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم کے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے دوسری بڑی اننگز بھی ہے۔ فخر زمان نے جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم پر سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔
اس سے قبل یہاں پر سب سے زیادہ 175 رنز بنانے کا اعزاز ہرشل گبز کے پاس تھا۔ جنوبی افریقہ میں کسی بھی مہمان کھلاڑی کی جانب سے سب سے بڑی ون ڈے اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی اب فخر کے نام ہوچکا ہے، ان سے قبل اس ریکارڈ پر آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر قابض تھے جنھوں نے 2016 میں 173 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز میں فخر زمان کی تازہ کاوش تیسرے نمبر پر رہی، ٹاپ پر بھی فخر 210 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ موجود ہیں جوکہ انھوں نے 20 جولائی 2018 کو بولاوایو میں زمبابوے کے خلاف اسکور کیے تھے۔
دوسرے نمبر پر سعید انور 194 رنز کی اپنی شہرہ آفاق اننگز کے ساتھ موجود ہیں جوکہ انھوں نے 21 مئی 1997 کو چنئی میں بھارت کے خلاف کھیلی اور طویل عرصے تک یہ ایک روزہ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز رہی تھی۔ فخر زمان نے اتوار کے میچ میں 10 چھکے جڑے، یہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کے ایک ون ڈے میں دوسرے سب سے زیادہ چھکے ہیں، اس فہرست میں ٹاپ پر 11 چھکوں کے ساتھ شاہد آفریدی موجود ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں