وزیراعظم عمران خان بغیر پروٹوکول سرگودھا کے ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بغیر پروٹوکول سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کا اچانک دورہ کیا جہاں وزیر اعظم کو دیکھ کر اسپتال میں موجود لوگ حیران ہو گئے اور ان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ اسپتال کے اچانک دورے کے دوران وزیر اعظم نے مریضوں کی تیمارداری کی اور اسپتال میں سہولتوں کا جائزہ بھی لیا۔
انہوں نے براہ راست مریضوں سے سہولتوں سے متعلق پوچھا جبکہ مریضوں سے علاج و معالجے کا بھی دریافت کیا۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹرز کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ اسپتال میں موجود افراد نے وزیر اعظم عمران خان کے اچانک دورے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ کسی قسم کا کوئی پروٹوکول موجود نہیں تھا۔
وزیراعظم عمران خان کی بغیر پروٹوکول آمد کو موقع پر موجود تمام افراد نے خوب سراہا۔
وزیراعظم عمران خان نے سرگودھا میں سرکاری اداروں ، اسپتالوں ، تھانوِں، اسکولوں ، پناہ گاہوں اور ترقیاتی اسکیموں کے بھی اچانک دورے کیے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعظم بغیر پروٹوکول کے کئی جگہوں کا اچانک دورہ کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف دینے اور عوام کے لیے کچھ کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ جس کے بعد سے وزیراعظم عمران خان خود اور ان کی ٹیم اسی کام میں لگ گئی۔ وزیراعظم کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھی اکثر و بیشتر سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ کرتے دیکھا گیا ہے جبکہ موجودہ حکومت کے کئی عہدیداران کواکثر ہی ائیرپورٹس اور دیگر عوامی مقامات پر بھی بغیر سکیورٹی اور پروٹوکول کے دیکھا گیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں