چینی ٹیکنالوجی کمپنی ’ہواوے‘ امریکی اور جنوبی کورین کمپنیوں ایپل اور سام سنگ کو سخت چیلنج دے رہی ہے۔ اب اس نے ایک اور ایسا شاندار اعلان کر دیا ہے کہ سن کر صارفین کی خوشی کی انتہاءنہ رہے گی اور ان مسابقتی کمپنیوں کو شاید ایک اور جھٹکا لگے گا۔ میل آن لائن کے مطابق ہواوے نے ایک 5جی فون متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے اور یہ دنیا کا سستا ترین فائیو جی فون ہو گا۔ کمپنی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس فون کی قیمت 300ڈالر (تقریباً ساڑھے 42ہزار روپے) تک ہو گی۔
ہواوے کے شعبہ مارکیٹنگ کے سربراہ پیٹر ژاﺅ نے یہ اعلان فنانشل ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ پیٹر ژاﺅ کا کہنا تھا کہ ”اگلے سال لوگ مارکیٹ میں ایک ایسا 5جی سمارٹ فون دیکھیں گے جو ممکنہ طور پر صرف300ڈالر کا ہو گا۔ یہ ہواوے کمپنی کے 5جی سمارٹ فونز کی اگلی جنریشن ہو گی۔ “ واضح رہے کہ اس وقت سام سنگ فائیو جی فونز متعارف کروا چکی ہیں تاہم سام سنگ کے فائیو جی سمارٹ فون کی قیمت 945پاﺅنڈ (تقریباً 1لاکھ 74ہزار روپے) سے شروع ہوتی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں