نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران بھارتی ہم منصب کے بارے میں ایسی بات کہہ دی کہ اسمبلی میں موجود تمام لوگ تالیاں بجانے لگے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران 26 اور 27 فروری کو پیش آنے والے واقعات کے بارے میں تفصیل کے ساتھ بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے انڈیا کے ساتھ امن کی کوشش کی لیکن مودی نے اپنی ساری الیکشن مہم پاکستان کے خلاف کی۔
عمران خان نے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان نے پلوامہ حملے پر ثبوت مانگے تو انڈیا نے ثبوت دینے کے بجائے بمباری کرنے کیلئے اپنے طیارے بھیج دیے اور مودی نے اپنی الیکشن مہم کے دوران یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان میں 350 دہشتگرد مار دیے۔
وزیر اعظم نے مودی کے اس دعویٰ پر کہا ’ بھارتی طیاروں نے اور کچھ نہیں کیا بلکہ ہمارے 10 درختوں کو قتل کرکے گئے، ہم ان درختوں کو بڑی مشکل کے ساتھ پال رہے ہیں۔‘ عمران خان کی اس بات پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہال تالیوں سے گونج اٹھا، تالیاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بیٹھے ہوئے پاکستانیوں کی جانب سے بجائی گئیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 26 فروری کو انڈین حملے کے بعد پاکستان نے فوری طور پر اس کا جواب دیا اور انڈیا کے 2 طیارے تباہ کرکے ایک پائلٹ کو گرفتار کرلیا۔ پاکستان نے امن کے قدم کے طور پر بھارتی پائلٹ واپس کیا لیکن مودی نے پاکستان کے خلاف نفرت پر مبنی الیکشن مہم چلائی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں